لاہور: ناگہانی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں کے اسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کے یونٹوں کی تعمیر کا کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف ڈاکٹرز کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ایک ہزار چار سو 35 بستر کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں،جبکہ ڈاکٹروں اور معاون طبی عملے کو میڈیکل کٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ اسپتالوں میں ہنگامی بنیادوں پر آکسیجن بیڈز لگائے جا رہے ہیں۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور اسپتالوں کا دورہ کیا اور کورونا وباء کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا مشاہدہ کیا۔ بریگیڈیئر عاصم سلیمان اور کرنل کامران عزیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام سہولیات بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان بھر میں آکسیجن بیڈز کی فراہمی کا سلسلہ تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ رواں سال اڑھائی ہزار آکسیجن بیڈز لگانے کا ہدف ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے ہیلتھ پروفیشنلز کی بہادری، جرات اور عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ طبی عملہ مشکل کی اس گھڑی میں فرائض کی ادائیگی کر رہا ہے۔ کورونا کے خلاف ڈاکٹرز کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔