کراچی میں بارش کے باعث جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی میں بارش کے باعث جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں
کراچی میں بارش کے باعث جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں

کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا اورسڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہرِ قائد میں ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد شہری انتظامیہ اور سندھ حکومت تاحال سڑکوں سے پانی کی نکاسی میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ مختلف علاقوں میں گٹر ابلنے کے باعث گھروں میں داخل ہونے والا پانی بھی اب تک نہیں نکالا جاسکا۔ شہریوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی۔

شہرِ قائد کے علاقے ملیر، قائد آباد، لانڈھی، کورنگی، تبت سینٹر، محمود آباد اور ایم اے جناح روڈ سمیت متعدد علاقوں میں جگہ جگہ کھڑے ہوئے پانی نے شہریوں کیلئے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ شہری انتظامیہ پانی کی نکاسی کیلئے حرکت میں آچکی ہے تاہم متعدد مقامات سے پانی اب تک نہیں نکالاجاسکا۔

شاہراہِ فیصل اور جناح ہسپتال سے پانی نکال دیا گیا اور ڈیفنس کے مختلف علاقوں سے بھی پانی کی نکاسی پر کام جاری ہے تاہم متعدد علاقوں میں کے الیکٹرک نے بجلی اب تک بحال نہیں کی۔ تکنیکی خرابی کے نام پر لوڈ شیڈنگ کے باعث حبس اور گھٹن سے بے شمار شہری پریشان ہیں۔

ابھی تک شہرِ قائد کے آسمان پر بادلوں کا راج برقرار ہےتاہم گزشتہ بارش کے آثار تاحال دور نہ کیے جاسکے۔ شہریوں کے گھروں، دفاتر اور کاروباری مراکز میں منوں کے حساب سے پانی جمع ہے جس کی نکاسی کیلئے شہری انتظامیہ کے اقدامات ناکافی دکھائی دیتے ہیں۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل میئرکراچی وسیم اختر نے کراچی میں مون سون کی بارشوں کے باعث متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

میئر کراچی وسیم اختر کا گزشتہ روز  کہنا تھا کہ خصوصاً انڈر پاسیز میں جمع ہونے والے برساتی پانی کی فوری نکاسی کا عمل شروع کردیا جائے تاکہ شہریوں کو پریشانی سے بچایا جاسکے۔

مزید پڑھیں: میئر کی بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات کی ہدایت

Related Posts