کراچی،ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس،شادی ہالز بند کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی،ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس،شادی ہالز بند کرنے کا فیصلہ
کراچی،ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس،شادی ہالز بند کرنے کا فیصلہ

کراچی:کمشنر کراچی نے شہر میں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں اضافے کے بعد ایس او پیزکی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کو بند کرنے کا فیصلہ کیاہے۔کمشنر کراچی سہیل راجپوت کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز، ضلعی ہیلتھ افسران اور متعلقہ محکموں کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، ماہ ستمبر میں 4667 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ روز 365 کیسز رپورٹ ہوئے۔کمشنر کو بتایا گیا کہ ملک میں سب سے زیادہ کیسز 60 فیصد کراچی میں رپورٹ ہوئے۔

سہیل راجپوت نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی فوری شروع کی جائے اور خلاف ورزی پر کم از کم 3 روز کے لیے ریسٹورنٹس اور شادی ہالز بند کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے ضلع میں تمام ریسٹورنٹس اور شادی ہالز چیک کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارکس میں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور ماسک کے بغیر کسی کو پارک میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

شرکا نے اسکولوں میں کورونا ٹیسٹنگ میں اضافہ کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اسکول بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔کمشنر کراچی نے کہاکہ صنعتوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے۔ڈپٹی کمشنرز محکمہ صنعت کی رپورٹ پر کارروائی کریں گے اور تمام ڈپٹی کمشنر آج رات گئے تک کارروائی کی رپورٹ کمشنر کو پیش کریں گے۔

دوسری جانب کورونا مریضوں میں اضافہ ہوتے ہی سندھ حکومت نے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانا شروع کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ضلع غربی سے ایک ہی یوسی سے22افراد میں کورونا کی تصدیق کے بعد منگھوپیر یوسی 8 گڈاپ میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگادیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ویسٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق منگھو پیر یوسی آٹھ میں سمامہ ولاز اور صائمہ سٹی سے کورونا مریض رپورٹ ہوئے، علاقے میں فوری لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے۔

یوسی آٹھ میں غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیدیا گیا۔ علاقے میں داخلے اور باہر آتے ہوئے ماسک لازمی پہنا لازمی ہوگا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس علاقے میں تمام ٹرانسپورٹ اور ڈبل سواری پر پابندی ہوگی اور کسی بھی قسم کے عوامی اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔

صرف راشن کی دکان اور میڈیکل اسٹور کھولنے کی اجازت ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق علاقے میں تمام کاروباری سرگرمیاں بھی معطل کردی گئیں ہیں۔واضح رہے کہ سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 311 کیسز رپورٹ ہوئے، کیسز میں 221 کا تعلق کراچی سے ہے، 10 ہزار 940 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ وبا سے مزید 2 مریض انتقال کرگئے۔

Related Posts