ملتان: نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن ناردرن نے خیبرپختوانخوا کو 79 رنز سے زیر کردیا، نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے افتتاحی میچ میں حیدر علی اور ذیشان ملک کے درمیان 180رنز کی شاندار شراکت کے باعث ناردرن نے خیبرپختونخوا کو 79 رنز سے شکست دے دی۔
دوسری جانب 243 کے بڑے ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
خیبرپختونخوا ہ کے فخرزمان 5، کپتان محمد رضوان 17 اور تجربہ کار محمد حفیظ 6 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے۔صاحبزادہ فرحان نے 48 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ 6 چوکے اور 2 چھکے لگا کر آؤٹ ہوئے۔ اس دوران شعیب ملک اور افتخار احمد نے کچھ مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی بالترتیب 20 اور 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
خیبرپختونخوا کا لوئرآرڈر بھی بے بس نظر آیا۔محمد محسن 14 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔وہاب ریاض 8 اور جنید خان بغیر کوئی رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
موسیٰ خان نے 3، محمد نواز اور سہیل تنویر نے 2،2 جبکہ شاداب خان اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت ہوا۔
24 کے مجموعی اسکور پر اوپنر علی عمران 21 رنزبناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تو ناردرن کے دو نوجوان بلے بازوں نے وہاب ریاض، عثمان شنواری، جنید خان اورشاہین شاہ آفریدی جیسیفاسٹ باؤلرز کے سامنے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں ریکارڈپارٹنرشپ قائم کردی۔ دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 180 رنز جوڑے۔
حیدر علی نے 48 گیندوں پر 7 چوکوں اور 5 چھکوں کی بدولت 90 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ اوپنر ذیشان ملک 47 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 77 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دونوں کھلاڑیوں کو جنید خان نے آؤٹ کیا۔
اننگز کے اختتامی لمحات میں آصف علی اور عمر امین نے بھی ناردرن کی جانب سے جارحانہ کھیل جاری رکھا، دونوں کرکٹرز بالترتیب 23 اور 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ میچ میں شاندار بلے بازی کرنے پرناردرن کے حیدر علی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
ناردرن کے نوجوان بیٹسمین حیدر علی کا کہنا ہے کہ کسی بھی ٹورنامنٹ کے آغاز میں ایک اچھی اننگز کھیلنے سے کھلاڑی کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یقیناَ انہیں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل نہ کرنے کا افسوس ہے تاہم خوشی ہے کہ انہوں نے خیبرپختونخوا کی مضبوط اور تجربہ کار باؤلنگ لائن اپ کے خلاف ایک لمبی اننگز کھیلی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوسرے میچ میں سنٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ سنٹرل پنجاب نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے بیس سالہ عبداللہ شفیق کی دھواں دھار سنچری کی بدولت 201 رنز کا ہدف 7 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ سدرن پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے تھے۔
اننگز کی پہلی تین گیندوں پر سنٹرل پنجاب کی ابتدائی 2 وکٹیں گرنے کے باوجود ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان بلے باز عبداللہ شفیق نے بغیر کسی دباؤ کے اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ میدان میں آتے ہی پراعتماد انداز سے بیٹنگ کرنے والے عبداللہ شفیق نے تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 145 رنز جوڑ کر میچ میں سنٹرل پنجاب کی گرفت مضبوط کردی۔
کامران اکمل 41 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 75 رنز بناکرپویلین واپس لوٹ گئے تاہم عبداللہ شفیق نے دوسرے اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ وکٹ کے چاروں اطراف لمبے شاٹس کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے 58 گیندوں پر 11 چوکوں اور4 چھکوں کی بدولت 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ کپتان سعد نسیم 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سنٹرل پنجا ب نے مقررہ ہدف 18.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سدرن پنجاب کے عامریامین نے 2 اور حسین طلعت نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر ذیشان اشرف 15 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد شان مسعود اور صہیب مقصود کے درمیان 67 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ دونوں کھلاڑی 51، 51 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے تو سدرن پنجاب کا کوئی اور بیٹسمین بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ حسین طلعت کے 34 رنز کی مدد سے سدرن پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔
سنٹرل پنجاب کے صہیب اللہ نے 3، عثمان قادر نے 2جبکہ بلال آصف اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بیس سالہ عبداللہ شفیق نے کہا کہ وہ اپنے ڈیبیو ٹی ٹونٹی میچ میں سنچری کرنے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور کھلاڑی اگر آپ کی کسی اننگز سے ٹیم جیت جائے تو اس سے زیادہ خوشی کی اور کوئی بات نہیں ہوسکتی۔
عبداللہ شفیق نے کہا کہ بائیو سیکیور ماحول میں آنے سے قبل ان کے ذہن میں یہ سوال تھے کہ نا جانےسب کیسا ہوگا مگرملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں اعلیٰ معیار کے کرکٹ مقابلے جاری ہیں اور خو ش قسمتی سے یہاں کنڈیشنز بھی بیٹسمین کے لیے موزوں ہیں۔