شوہر نے دوسری بیوی کو کالا پتھر کھلا دیا، خاتون جاں بحق، لواحقین کا شدید احتجاج

تازہ ترین

تازہ ترین

شوہر نے دوسری بیوی کو کالا پتھر کھلا دیا، خاتون جاں بحق، لواحقین کا شدید احتجاج
شوہر نے دوسری بیوی کو کالا پتھر کھلا دیا، خاتون جاں بحق، لواحقین کا شدید احتجاج

پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں شوہر نے اپنی دوسری بیوی کو کالا پتھر کھلا دیا جس سے خاتون موقعے پر جاں بحق ہوگئی جبکہ مقتولہ کے لواحقین نے واقعے پر شدید احتجاج کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ضلع ہری پور کی تحصیل خانپور میں پیش آیا جہاں شوہر نے اپنے بھائیوں اور پہلی بیوی کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر اپنی دوسری بیوی عشرت کو کالا پتھر کھلا کر قتل کردیا جس کی عمر 20 سال تھی۔ 

تھانہ ظاہر پیر کی حدود میں موضع جھورن میں پیش آنے والے اِس واقعے سے پہلے مقتولہ عشرت بی بی کی شادی ندیم سے 10 ماہ قبل ہوئی۔ دوسری شادی کی وجہ سے ندیم کی پہلی بیوی ناراض ہو کر میکے چلی گئی تھی۔

چند روز قبل ندیم اپنی پہلی بیوی کو صلح کرکے گھر لے آیا۔ ملزم ندیم نے اپنی پہلی بیوی اور اپنے بھائیوں سلیم، سراج اور دیگر 2 نامعلوم افراد کے ساتھ مل کر عشرت بیوی کو کالا پتھر کھانے پر مجبور کیا۔

قتل کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ظاہر پیر کی پولیس موقعے پر پہنچ گئی۔ مقتولہ عشرت بی بی کے لواحقین نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔ لواحقین کا کہنا تھا کہ جب تک انصاف نہیں دیا جائے گا، ہم میت کو دفن نہیں کریں گے۔

انتظامیہ مظاہرین سے مذاکرات کیلئے پہنچی۔ مظاہرین نے مقدمہ درج کرنے کیلئے پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کرائی لیکن تاحال پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھیں:  لاپتہ زرعی یونیورسٹی کی طالبہ کی لاش فیصل آباد سے برآمد

Related Posts