کراچی :فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان شہرہ آفاق تْرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں معروف صوفی بزرگ ’ابن عربی‘ کا کردار ادا کرنے والے ترک نژاد امریکی اداکار عثمان سویقوت کے ساتھ کام کرنے پر راضی ہوگئے۔
گزشتہ روز عثمان سویقوت نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ابنِ عربی کا وہی قول شیئر کیا تھا جو فیروز خان نے بھی شیئر کیا تھا۔
عثمان سویقوت نے اس قول کے ساتھ فیروز خان کیلئے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ’ میں نے سنا ہے کہ آپ نے اسلام کی خاطر شوبز چھوڑ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ اعلیٰ مقصد کی خدمت کیلئے بہت سے مختلف طریقے ہیں‘۔اْنہوں نے کہا تھا کہ ’براہ کرم مجھے بتائیں کہ میں آپ کیلئے کیا کرسکتا ہوں، اگر آپ چاہیں تو ہم مل کر کچھ پروجیکٹس پر کام بھی کرسکتے ہیں۔
عثمان سویقوت کی محبت اور کام کی پیشکش کا جواب دیتے ہوئے فیروز خان نے اْن کی پوسٹ پر کمنٹ کیا۔فیروز خان نے عثمان سویقوت کی اپنایت اور محبت کے لیے اْن کا شکریہ ادا کیا۔
اداکار نے کہا کہ ’میں نے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہونے کے باوجود بھی اعلیٰ مقصد کی خدمت جاری رکھی ہے‘۔فیروز خان نے عثمان سویقوت کی پیشکش پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ایک ساتھ مل کر کچھ کرنے کو یقینی بنائیں گے۔‘