کراچی پولیس کے جوانوں کیلئے خوشخبری سامنے آ گئی، پولیس اہلکار ہوٹلوں کی بجائے شہر کے ہر تھانے میں قائم ہونے والی کینٹین میں کھانا کھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کلفٹن بوٹ بیسن تھانے میں بنائی گئی میس کا افتتاح کردیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں کراچی بھر کے تھانوں میں 25 کینٹینز بنائی جائیں گی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار ہوٹلوں کا کھانا کھانے کے باعث ہیپاٹائٹس بی اور سی کا شکار ہو رہے تھے۔ کینٹین میں پولیس اہلکاروں کو صاف کھانا اور پانی میسر آئے گا۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ پولیس جوان ہوٹلوں میں مفت کھانا کھا رہے تھے، اس کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ پولیس جوانوں کیلئے ہیلتھ انشورنس کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ کینٹین بنانے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سندھ حکومت نے پولیس رولز میں اصلاحات کرنے کافیصلہ کرلیا،سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب سے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور آئی جی سندھ پولیس نے ملاقات کی جس میں پولیس رولز اور جیلوں کی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اس موقع پر گزشتہ برس 31 دسمبر کو بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں ایف آئی آر کٹتے ہی متعلقہ شخص کو گرفتار کرلیا جاتا ہے لیکن دنیا بھر میں اُصول ہے کہ جب تک جرم ثابت نہ ہو کسی کو گرفتار نہیں کیا جاتا۔
مزید پڑھیں: جرم ثابت ہونے پر گرفتاری، پولیس رولز میں اصلاحات کا فیصلہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








