کراچی:پاکستان پیس کلیکٹو (پی پی سی) کے ڈسٹرکٹ پروجیکٹ کوآرڈینیٹر، رانا آصف حبیب نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی ہر سال 554بلین روپے خیراتی اداروں کو عطیہ کرتے ہیں۔
پی پی سی، نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (این اے سی ٹی اے)، اور محکمہ سوشل ویلفیئر کراچی کے زیر اہتمام محفوظ چیریٹی سے متعلق آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حبیب نے بتایا کہ این اے سی ٹی اے کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 26 فیصد ڈونرز اپنا نام صیغہ راز میں رکھتے ہیں، جن سے یہ خیراتی ادارے چلتے ہیں۔
اس موقع پر محکمہ سوشل ویلفیئر سندھ کے ایڈیشنل سکریٹری ابوبکر نے سندھ میں خیراتی کاموں کی نگرانی اور اس کے لئے ایک چیریٹی کمیشن کے قیام اور آن لائن رجسٹریشن کی سہولت کی فراہمی کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ چیریٹی کمیشن لوگوں کو سہولت فراہم کرے گا اور خیراتی تنظیموں کی رجسٹریشن کرے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ چندہ صحیح وجوہات (مستحقین)پر خرچ کیا جائے۔