اسلام آباد:تھانہ کھنہ کے علاقے میں ایکسپریس وے پر مسلح ڈکیتی،کار سوار فیملی سے 30 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور زیورات لوٹ لئے گئے۔
وفاقی دارلحکومت کی سڑکوں پر ڈاکو راج سے شہریوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے،شہری ریسکیو15 پر فون کرتا رہا،پولیس نے واقعہ کو پنڈی کی حدود بنا کر فوری مدد نہیں کی، متاثرہ خاندان سڑک پر بے یارومدد گار کھڑا رہا،مگر کوئی مدد کے لئے نہیں آیا۔
اظہر ممتاز پراچہ جیولر ز مارکیٹ سے زیورات لیکر اپنے گھر میڈیا ٹاؤن جا رہے تھے کہ کھنہ پل کے قریب موٹرسائیکل سوار دو لڑکوں نے گاڑی کی ڈگی کھلی ہو نے کا بتایا،جس پر ڈرائیور نے گاڑی روکی،تو دونوں ڈاکوؤں نے اسلحہ نکال لیا۔
ڈاکوؤں نے خاتون خانہ کو گن پوائنٹ پر رکھ کر ان کے پاس موجود 20لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور دس لاکھ روپے نقدی لوٹ لی اور فرار ہو گئے واقعہ کے بعد متاثرہ شہری نے ریسکیو 15 پر کا ل کی تو آپریٹر نے کہا کہ یہ راولپنڈی کا علاقہ ہے اور فون بند کر دیا۔
متاثرہ خاندان بار بار پولیس سے رابطہ کر نے کی کوشش کر تا رہا لیکن پولیس مدد کو نہ پہنچی، متاثرہ خاندان بیٹی کی شادی کے لئے زیورات لٹنے کے بعد گھر لوٹ گیا۔