بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی ملک گیر مہم کا آج سے آغاز

تازہ ترین

تازہ ترین

بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی ملک گیر مہم کا آج سے آغاز
بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی ملک گیر مہم کا آج سے آغاز

اسلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں کمسن بچوں کو پولیو سے بچاؤ کیلئے قطرے پلانے کی ملک گیر مہم کا آج سے آغاز کردیا گیا ہے جو 24 ستمبر تک جاری رہے گی۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں پولیو ویکسینیشن کا آغاز 17 ستمبر کو کیا گیا۔ اس دوران کوہاٹ میں پولیو ورکرز کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار کو شہید کردیا گیا۔ ملک بھر میں ہزاروں پولیو ورکرز بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے گھر گھر دستک دیں گے۔

ملک گیر پولیو ویکسین مہم کے ئدوران پانچ سال سے کم عمر کے 4 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے ساتھ ساتھ وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی پلائی جائے گی۔ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے 2لاکھ 90ہزار ہیلتھ ورکرز کام کریں گے۔ 

ماضی میں کی گئی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان میں کم و بیش 50 فیصد بچوں میں وٹامن کی کمی پائی جاتی ہے جو اسہال، نمونیا، خسرہ اور نابینا پن سے تحفظ فراہم کرتا ہے، پولیو ویکسین کے ساتھ ساتھ بچوں کو وٹامن اے بھی دیا جائے گا۔

اس حوالے سے وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ گزشتہ 7 ماہ میں پاکستان میں پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس سے پتہ چلتا ہے کہ ہمیں پولیو کے خاتمے کا ایک منفرد موقع میسر آگیا ہے۔

معاونِ خصوصی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان پولیو مہم کیلئے کاوشوں پر کام تیز کرے۔ والدین ہیلتھ ورکرز کیلئے گھروں کے دروازے کھولیں۔بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض اور عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔ پاکستان کو پولیو سے پاک کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے حال ہی میں پولیو کے نشانے پر موجود 21 اضلاع کے ڈی سیز سے ملاقات کرکے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر پولیو کے خاتمے کیلئے کاوشوں کی رفتار دو گنا کردیں جبکہ پولیو پاکستان اور افغانستان میں ہی باقی بچ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  پولیو کے خاتمے کےلیے آل پارٹیز کانفرنس  کے شرکاء پرعزم

Related Posts