ہالی ووڈ شوبز انڈسٹری کے مشہورومعروف گلوکار بلی ایلش، بی ٹی ایس بینڈ اور دیگر نے ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف کام کیلئے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی مسائل اجاگر کرنے کیلئے رواں ہفتے براہِ راست اور ریکارڈڈ پروگرامز میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔
نیو یارک، پیرس، لگوس، ریو، سڈنی، ممبئی اور دیگر شہروں میں کنسرٹس منعقد کیے جائیں گے۔ مغربی موسیقی کے دلدادہ شائقین کی بڑی تعداد کنسرٹس میں شریک ہو کر بلی ایلش اور بی ٹی ایس سمیت دیگر گلوکاروں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔
رواں ہفتے دنیا بھر میں ماحولیاتی آلودگی اور گرین ہاؤس افیکٹ کے علاوہ کورونا ویکسین لگوانے سے متعلق مسائل پر شعور اجاگر کرنے کیلئے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے گلوکار اکٹھے ہوں گے۔ آئندہ ماہ جی 20 میٹنگ کے موقعے پر ستاروں سے بھرپور ایونٹس کو تقویت فراہم کی جائے گی۔
نومبر کے دوران بلی ایلش اور کولڈ پلے نیو یارک کے سنٹرل پارک میں جینیفر لوپز، کیملا لیبلو، شان مینڈیز اور برنا بوائے کے ہمراہ جلوہ گر ہوں گے۔ پیرس میں ایڈ شیرن، ایلٹن جان اور ڈوجا کیٹ بھی دیگر ستاروں کے ہمراہ فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
نائیجیریا، ریو اور لندن میں بھی فیمی کٹی، الوک اور درن درن سمیت دیگر فنکار گیتوں کا جادو جگائیں گے۔ گلوبل سٹیزن نامی این جی او کا کہنا ہے کہ تمام فنکار انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شعور و آگہی بیدار کرنے کیلئے اکٹھے ہورہے ہیں تاکہ 6 براعظموں میں غربت کو شکست دی جاسکے۔
میٹالیکا اور ویکنڈ سمیت دیگر اداکار بھی عالمی سطح پر شعورو آگہی کی مہم میں حصہ لے رہے ہیں جس کا مقصد دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں، ماحولیاتی اثرات اور گرین ہاؤس افیکٹس سے بچانا اور ویکسین لگوا کر کورونا جیسے موذی مرض سے محفوظ کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فردوس جمال نے عثمان خالد بٹ کو آڑے ہاتھوں لے لیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








