بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ناگپور ضلع کے رامٹیک علاقے میں ایک حیرت انگیز اور خوشی بھرا واقعہ پیش آیا۔ 103 سالہ بزرگ خاتون گنگابائی سکھارے کچھ عرصے سے بیمار تھیں اور بستر پر تھیں۔
پیر کی شام ان کے جسم میں کوئی حرکت نہ دیکھ کر گھر والوں نے انہیں مردہ سمجھ لیا۔ رشتہ داروں کو اطلاع دی گئی اور منگل کی صبح تک آخری رسومات کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں۔ خاتون کو نئی ساڑھی پہنائی گئی ہاتھ پاؤں باندھے گئے اور ناک میں روئی کے پھاہے رکھ دیے گئے تھے۔
اس وقت ایک معجزہ ہوا جب آخری رسومات کی تیاریاں ہو رہی تھیں۔ ان کے پوتے راکیش سکھارے کی نظر ان کے پاؤں کی انگلی پر پڑی جو ہل رہی تھی۔ انہوں نے فوراً سب کو بتایا اور جب ناک سے روئی نکالی گئی تو گنگابائی نے گہری سانس لی یوں زندہ ہونے کا ثبوت دیا۔
یہ منظر دیکھ کر پورے گھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ڈاکٹروں نے معائنہ کیا اور تصدیق کی کہ وہ خیریت سے ہیں۔ اتفاق سے اسی دن ان کی 103ویں سالگرہ بھی تھی جس کی خوشیوں میں خاندان نے کیک کاٹ کر جشن منایا۔
جو رشتہ دار چند گھنٹے پہلے آخری رسومات کے لیے آئے تھے وہ سب خوشی خوشی مسکراتے ہوئے واپس لوٹ گئے۔ یہ معجزاتی واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گیا اور لوگوں میں حیرت و دلچسپی کا سبب بنا۔ گنگابائی کو گویا نئی زندگی ملی اور خاندان اسے ایک خوشگوار اتفاق قرار دے رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








