بیروز گاری کے طعنے اور گالی گلوچ برداشت نہ ہوئی! ایم بی اے پاس نوجوان نے والد سے جینے کا حق چھین لیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

اتر پردیش کے بلندشہر میں اکبرپور جھوژا گاؤں میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایم بی اے پاس بیٹے ابو بکر نے اپنے کینسر میں مبتلا والد طاہر کو لائسنس یافتہ بندوق سے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ واقعہ کوتوالی دیہات پولیس چوکی کے تحت ہوا، اور بڑے بیٹے ابو اظہر کی شکایت پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق منگل کو ملزم نے والد پر تین گولیاں چلائیں، جن میں سے دو گولیاں گردن اور ٹانگ میں لگیں جس سے والد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی ملزم کو حراست میں لیا اور بندوق ضبط کر لی بعد ازاں اسے عدالت میں پیش کرکے جیل بھیج دیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ابو بکر تقریباً سات ماہ قبل سعودی عرب سے گاؤں واپس آیا تھا لیکن ملازمت نہ ہونے کی وجہ سے والد اور بیٹے کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑے معمول بن چکے تھے۔ اہلِ خانہ کے مطابق اپریل میں دونوں بھائیوں کی شادی طے تھی لیکن اس افسوسناک واقعہ نے خوشیوں کو ماتم میں بدل دیا۔

ملزم نے اعتراف کیا کہ غصے میں آ کر اس نے والد کو قتل کیا اور اب اسے شدید ندامت لاحق ہے۔ وہ تین سال سعودی عرب میں ڈرائیور کے طور پر کام کر چکا ہے اور کمائی والد کے حوالے کی تھی۔ اس کے مطابق والد نے ایک سال قبل زمین فروخت کر کے رقم بڑے بھائی اور چھوٹے بھائی کو دے دی تھی جس سے اس کے دل میں یہ شک پیدا ہوا کہ والد اسے نظرانداز کر رہے ہیں۔

منگل کی صبح بھی والد نے اسے بے روزگاری کا طعنہ دیا جس پر ابو بکر نے رائفل اٹھائی اور والد پر گولیاں چلائیں، جس سے والد کی موت واقع ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ معاملے کی سنجیدگی سے تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی کی جائے گی۔

Related Posts