لاہور کے علاقے شاد باغ میں 10ویں جماعت کی 17 سالہ طالبہ کو دن دہاڑے اغوا کرلیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ 17 سالہ طالبہ بھائی کے ساتھ امتحان دینے کے بعد واپس گھر جا رہی تھی کہ 4 مسلح اغواء کاروں نے انہیں راستے میں روکا اور لڑکی کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر اغوا کرکے لے گئے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق لڑکی بھائی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گھر جا رہی تھی کہ سفید رنگ کی گاڑی پیچھا کرتے ہوئے ان کے پاس آئی ۔
اغواء کے واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سفید رنگ کی گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو پہلے سامنے آ کے روکا اور پھر اس پہ سوار لڑکی کو زبردستی اتار کر گاڑی میں بیٹھایا۔
دوران اغواء موٹر سائیکل پر سوار بھائی نے مزاحمت کی جس پر ملزمان بھائی کو تھپڑ بھی مارتے رہے اور چلے جانے کا اشارہ بھی کرتے رہے۔
کارروائی کے بعد اغواء کار باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ اہل خانہ کی مدعیت میں طالبہ کے اغواء کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور لڑکی کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔