پاکستان کی خواجہ سرا کمیونٹی نے اعلان کیا ہے کہ تیسرا سالانہ ہجڑا فیسٹیول 2025 رواں ماہ کی 25 تاریخ کو کراچی میں منعقد کیا جائے گا۔یہ تقریب کراچی کے معروف سیاحتی علاقے سی ویو بیچ پر منعقد ہوگی جہاں ملک بھر سے خواجہ سرا افراد، سماجی کارکن، فنکار اور انسانی حقوق کے علمبردار شریک ہوں گے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معروف خواجہ سرا نمائندوں کامی چوہدری اور ڈاکٹر سارہ گل نے بتایا کہ اس سال فیسٹیول کا موضوع ہے ہماری شناخت، عزت، آزادی اور اپنی زمین کے لیے کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فیسٹیول کا مقصد صرف تفریح فراہم کرنا نہیں بلکہ معاشرے میں خواجہ سرا افراد کی شناخت، ثقافت، برابری اور عزت کو اجاگر کرنا ہے۔ کامی چوہدری نے کہا کہ یہ تقریب ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں خواجہ سرا افراد اپنی خودی اور پہچان کو بے جھجک پیش کر سکتے ہیں۔
فیسٹیول میں آگاہی سیشنز، ثقافتی شوز، موسیقی کے پروگرام اور فنونِ لطیفہ کی نمائشیں شامل ہوں گی جن میں مقامی اور بین الاقوامی فنکار شرکت کریں گے۔
پاکستان کی پہلی خواجہ سرا ڈاکٹر، سارہ گل نے کہا کہ ان کی کمیونٹی نے ہمیشہ اپنے حقوق اور تحفظ کے لیے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیسٹیول ہماری برابری، عزت اور آزادی کے عزم کو ایک بار پھر دہراتا ہے۔
یہ تقریب نہ صرف خواجہ سرا افراد کی ثقافت کو اُجاگر کرے گی بلکہ معاشرے میں ان کے لیے مثبت سوچ پیدا کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








