ایڈمٹ کارڈ پر امیدوار کی تصویر کی جگہ کتے کی تصویر! حقیقت جان کر حیران رہ جائیں گے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بھارتی ریاست بہار میں چپراسی بھرتی کے امتحان کے ایڈمٹ کارڈ پر ایک حیران کن اور مضحکہ خیز غلطی سامنے آئی ہے جس نے امیدوار کو شدید مشکلات میں ڈال دیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق 15 مارچ کو ہونے والے امتحان کے ایڈمٹ کارڈ پر امیدوار کے نام، رول نمبر اور دیگر تفصیلات درست درج ہیں مگر امیدوار کی تصویر کی جگہ کتے کی تصویر چھپ گئی ہے۔ اس وجہ سے امیدوار بورڈ کے دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہے تاکہ یہ غلطی درست ہو سکے۔

امیدوار نے بتایا کہ اس نے بھرتی کے لیے 2022 میں درخواست دی تھی اور اس دوران کئی بار بھرتی بورڈ سے رابطہ کیا مگر تاحال کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسامیوں کا اعلان 2022 میں کیا گیا تھا، مگر ابتدائی امتحان اب منعقد کیا جا رہا ہے۔

امیدوار نے مزید کہا کہ ان کا امتحانی مرکز سہرسا میں ہے اور جب انہوں نے اپنا ایڈمٹ کارڈ دیکھا تو وہ دنگ رہ گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ درخواست دیتے وقت انہوں نے اپنی تصویر بالکل درست اپلوڈ کی تھی اور اس کا ثبوت بھی موجود ہے۔

یہ واقعہ نہ صرف امیدوار کے لیے پریشانی کا سبب بنا بلکہ حکومتی بھرتی کے عمل اور آن لائن درخواست سسٹم کی سنجیدگی پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ امیدوار نے مطالبہ کیا کہ بھرتی بورڈ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرے تاکہ وہ سکون سے امتحان دے سکیں اور ساتھ ہی ان اہلکاروں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے جن کی غفلت کی وجہ سے یہ مسئلہ پیدا ہوا۔

Related Posts