نیٹ فلکس پر جمعرات کو فلم دھڑک 2 کی ریلیز کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر مرکزی اداکار سدھانت چترویدی اور دیگر کاسٹ ممبران کے لیے تعریفیں شروع ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق شازیہ اقبال کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم رواں سال اگست میں سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی جہاں اسے ناظرین کی بڑی تعداد نے پسند کیا اور اس نے باکس آفس پر کروڑوں روپے کمائے۔
فلم میں سدھانت چترویدی کے ساتھ اداکارہ ترپتی ڈمری نے مرکزی کردار ادا کیا۔ فلم کے سینما گھروں میں کچھ عرصے تک کاروبار کرنے کے بعد نیٹ فلکس نے اعلان کیا کہ اس کی تھیٹریکل ریلیز کے دو ماہ سے بھی کم عرصے میں فلم کو نیٹ فلکس پر اسٹریم کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 26 ستمبر کو دھڑک 2 کی نیٹ فلکس پر ریلیز کے ساتھ ہی مداحوں نے سدھانت چترویدی کی اداکاری کی خوب تعریف کی۔ سوشل میڈیا پر کیے گئے تبصروں سے معلوم ہوتا ہے کہ بڑی تعداد میں ناظرین اس فلم کے نیٹ فلکس پر آنے کا انتظار کر رہے تھے۔
ہندوستان ٹائمز کے جائزے کے مطابق، فلم ایک طاقتور پیغام تو رکھتی ہے لیکن کہانی سنانے کے انداز میں کمزور رہتی ہے۔ فلم ذات پات، دباؤ اور نظام کی ناانصافیوں جیسے موضوعات کو چھوتی ہے۔
جائزے کے مطابق، جب فلم اپنے موضوعات کو چھوتی ہے تو وہ درست طریقے سے کرتی ہے لیکن اس کی داستان اور طویل دورانیے کی وجہ سے یہ کمزور پڑ جاتی ہے حالانکہ یہ ایک زوردار سماجی ڈرامہ ثابت ہوسکتی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








