عزمِ استحکام کے تحت بڑی کامیابی! 13 خوارج جہنم واصل؛ وزیراعظم کا سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے دو مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی تحریک طالبان پاکستان (فتنہ الخوارج) سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں 13 اور 14 جنوری کو انجام دی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق بنوں ضلع میں کارروائی: خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 خوارج ہلاک ہو گئے۔

ضلع کرم میں کارروائی: ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے یہ کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیکورٹی فورسز کی اس کارروائی کی تعریف کی اور کہا کہ عزم استحکام کے وژن کے تحت افواج دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ پوری قوم اس جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

Related Posts