کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اےاین ایف) نے سندھ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گروپ کے 3 ملزمان گرفتار کرلیے۔
اے این ایف کے مطابق سندھ میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران بین الاقوامی منشیات فروشوں کا گروہ گرفتار کرلیا گیا، جن سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔
منشیات سپلائی کرنے والے گرفتار ملزمان میں عبد الجمیل خلیل، شمیم خان اور محمد افہام شامل ہیں، جن سے 428 ہیروئن بھرے کیپسولز،259 چرس بھرے کیپسولز اور 3 کلو 600 گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔
یہ گروہ کم آمدن والے افراد کو لالچ دے کر عرب ممالک میں کیپسولز اور دیگر طریقوں سے منشیات اسمگلنگ میں ملوث تھا۔
کراچی کی شیر شاہ کباڑی مارکیٹ کی دکانوں میں آگ لگ گئی
اسی طرح اے این ایف نے بلوچستان کے علاقے کیچ میں کارروائی کرتے ہوئے 400 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔
اس کے علاوہ خیبر میں پلاسٹک کے تھیلوں سے 20 کلو چرس برآمد ہوئی ہے جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








