زخموں سے چُور با ہمت فلسطینی بچے کی زخمی باپ کو تسلی دینے کی دلگداز ویڈیو وائرل

تازہ ترین

تازہ ترین

“گھبرائیے مت پاپا، خود کو مضبوط کیجئے۔” غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے زخمی ہونے والے بچے کی اپنے زخمی باپ کو تسلی دینے کی دلگداز ویڈیو نے پور دینا کو اشکبار کر دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کلپ میں غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جارحیت میں شدید زخمی ہونے والے ایک فلسطینی بچے کی ہمت کو دکھایا گیا ہے، جو خود زخموں سے چور ہونے کے باوجود اسپتال میں اپنے ساتھ والے بیڈ پر زخمی حالت میں لیٹے ہوئے اپنے والد کو تسلی دینے کی کوشش کرتا ہے۔

یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا میں پھیل گئی اور ہر دیکھنے والی کی آنکھ اشکبار ہوگئی۔ وائرل ویڈیو میں دونوں باپ بیٹے کو غزہ کے ایک اسپتال میں ساتھ ساتھ موجود دو بیڈز پر زیر علاج دیکھا جاسکتا ہے۔

بچہ زخموں سے چُور ہے اور اس کا سر پلاستر سے ڈھکا ہوا ہے، جبکہ اس کے پہلو میں اس کا زخمی باپ زیر علاج ہے، ہوش میں آتے ہی باپ بیٹے کی طرف سرک کر اس کا سر چومنے کی کوشش کرتا ہے اور اس کی خیریت دریافت کرتا ہے، تاہم باپ جب اپنے بچے کو الٹا ہمت دکھانے کی نصیحت کرتے سنتا ہے تو جذبات سے مغلوب ہو جاتا ہے۔

ویڈیو میں بچے کو اپنے باپ کو ثابت قدم اور مضبوط رہنے کی تلقین کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بچہ اپنے زخمی والد سے کہتا ہے: “پاپا گھبرائیں نہیں، میں ٹھیک ہوں، مضبوط رہیں۔”

ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے، باپ بچے کی زخمی حالت میں یہ گفتگو دیکھ کر لوگ فلسطینی بچے کی ہمت پر حیران ہیں۔ بچے کو جہاں داد دی جا رہی ہے وہاں صارفین یہ تبصرہ بھی کر رہے ہیں کہ یہ دراصل مظلوم فلسطینیوں کی بے بسی کا نوحہ ہے۔

Related Posts