ایک تعلیمی ادارے کی تقسیم اسناد کی تقریب کے دوران اس وقت دل کو چھو لینے والا منظر دیکھا گیا جب ایک سال کی عمر کے بچے کو اس کی ماں کی گریجویشن کی ڈگری ملی جو گریجویشن کی تقریب سے دو ماہ قبل انتقال کر گئی تھیں۔
مصر کی شرقیہ گورنری میں زقازیق یونیورسٹی میں فیکلٹی آف لا کی گریجویشن تقریب کے دلخراش منظر کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں جاں بحق ہونے والی طالبہ کی بہن اپنے شیر خوار بھانجے کو اٹھائے شریک ہوئیں۔ وہ بلک بلک کر رو رہی تھیں۔
عرب نیوز کے مطابق اسٹیج پر سب کے سامنے اس کی متوفیہ بہن مریم جلال کا نام پکارا گیا تو بہن اور شیر خوار بچے نے گریجویشن سرٹیفکیٹ اور شیلڈ وصول کی۔ یہ منظر دیکھ کر ہر آنکھ اشک بار تھی۔
ننھے محمد کو”گریجویشن کی تقریب کے موقع پر تیار کردہ الباس پہنایا گیا تھا جس پر “ماما کی گریجویشن” کے الفاظ لکھے ہوئے تھے۔ اسے اس کی خالہ نے اٹھا رکھا تھا، جس نے گریجویشن شیلڈ اور اس کا سرٹیفکیٹ بھی وصول کیا۔
جب گریجوایشن تقریب میں مریم جلال کا نام پکارا گیا تو سب کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ مریم کی سند وصول کرنے کے لیے اس کا شیرخوار اور ہمشیرہ سمیت کئی رشتہ دار موجود تھے مگر مریم کی زندگی نے وفا نہیں کی۔
سوشل میڈیا پر مریم کے دل سوز واقعے پر ہرشخص رنجم وغم اورصدمے کا اظہار کررہا ہے۔ اس واقعے اور شیر خوار بچے کی اپنی والدہ کا سرٹیفکیٹ وصول کرنے کے مناظر سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلے اور ہر طرف اس رنجیدہ واقعے پر بحث کی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








