کراچی میں گھر کے افراد کو یرغمال بنا کر صبح سویرے لوٹ مار کی گئی، ملزمان ڈیڑھ کروڑ روپے کا سونا اور چاندی لوٹ کر فرار ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ٹیپو سلطان تھانے کی حدود میں پی ای سی ایس ایچ ایس، بلاک 6 میں پیش آیا جہاں 5 سے زائد مسلح ملزمان نے ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈیڑھ کروڑ سے زائد کا سونا اور چاندی لوٹ لیا۔
ٹیپو سلطان تھانے کے اہلکار ڈکیتی سے بے خبر رہے ، ملزمان سکون سے واردات کرکے چلتے بنے۔ فوزیہ نامی خاتون کے گھر صبح 5 بجے کے قریب ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔ ملزمان نے شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔
ڈکیتی سے متاثرہ خاتون فوزیہ کا کہنا ہے کہ ملزمان نے چہروں پر ڈھاٹے باندھ رکھے تھے جو گھر میں کود کر داخل ہوئے۔ مسلح افراد نے گھر کے تمام لوگوں کو یرغمال بنا کر اطمینان سے لوٹ مار کی۔
متاثرہ خاتون نے کہا کہ ملزمان ایک کروڑ سے زائد مالیت کا سونا اور 3 کلو گرام چاندی کے علاوہ گھر میں رکھے 3 لیپ ٹاپ بھی لوٹ کر لے گئے۔ 3 ماہ قبل میرا بینک لاکر خراب ہوگیا تھا جس کی وجہ سے سونا چاندی گھر لانا پڑا۔
واقعے کی اطلاع کرنے پر پولیس نے خاتون کو تھانے بلا لیا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ میں مقدمہ درج کروا کر ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی چاہتی ہوں۔ میرا لوٹا ہوا سونا، چاندی اور لیپ ٹاپ مجھے واپس دلوائے جائیں۔ انصاف کیا جائے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی ویسٹ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے شہریوں سے لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ویسٹ سوہائی عزیز کے مطابق ملزمان منگھوپیر روڈ پر موجود رکشہ ڈرائیور محمد نبی کو اسلحہ کے زور پر لوٹ کر فرار ہوئے۔متاثرہ شہری کی جانب سے گشت پر مامور پولیس موبائل کو اطلاع دی گئی۔
مزید پڑھیں: پولیس نے شہریوں سے لوٹ مار کرکے فرار ہونیوالے ملزم کو گرفتار کرلیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








