امریکی حکام کا کہنا ہےکہ سیکیورٹی اداروں نے کیلیفورنیا میں مبینہ طور پر الٹرافٹ شدت پسندوں کے بم حملے کے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے چار مشتبہ افراد کو گزشتہ ہفتے لاس اینجلس کے مشرق میں واقع لوسرن ویلی سے گرفتار کیا جہاں وہ مبینہ طور پر منصوبہ بند حملوں سے قبل خود ساختہ بم تیار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق گرفتار افراد میں آڈری ایلین کیرول، زیکری آرون پیج، ڈانٹے گیفیلڈ اور ٹینا لائی شامل ہیں۔ ان پر سازش، تباہ کن آلہ رکھنے اور دیگر الزامات عائد ہیں۔ یہ مشتبہ افراد ٹَرٹل آئی لینڈ لبریشن فرنٹ کے رکن ہونے کے شبہ میں ہیں۔
امریکی اٹارنی جنرل پام بانڈی نے ایکس پر اس گروپ کو الٹرافٹ، پرو-فلسطین، حکومت مخالف اور سرمایہ داری مخالف قرار دیا۔ ٹَرٹل آئی لینڈ لبریشن فرنٹ مبینہ طور پر نئے سال کے جشن کے موقع کیلیفورنیا میں متعدد بم دھماکوں کے منصوبے بنا رہا تھا اور ساتھ ہی امیگریشن و کسٹمز انفورسمنٹ کے اہلکاروں اور گاڑیوں کو بھی نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتا تھا۔
شکایت کے مطابق کیرول نے ایک آٹھ صفحات پر مشتمل دستاویز آپریشن مڈ نائٹ سن خفیہ ذریعے کو پیش کی جس میں بم حملے کی تفصیلات درج تھیں۔بعد میں کیرول اور پیج نے دیگر دو ملزمان کو منصوبہ مکمل کرنے کے لیے بھرتی کیا۔
عدالتی دستاویزات میں موجود تصاویر میں صحرائی کیمپ دکھائی گئی ہے جہاں بم بنانے کے اجزاء پلاسٹک کی میزوں پر رکھے ہوئے تھے۔ مشتبہ افراد نے مختلف سائز کی پی وی سی پائپ، مبینہ پوٹاشیم نائٹریٹ، کوئلہ، کوئلے کا پاؤڈر، سلفر پاؤڈر اور فیوز کے لیے مواد سمیت دیگر اجزاء کیمپ میں لائے۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے کہا کہ ایجنسی نے قابل اعتماد اور فوری دہشت گردانہ خطرے کو ناکام بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقاتی ٹیموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کام نے بے شمار جانیں بچائی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








