بالی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے اپنی پروڈکشن کے تحت ایک نئی اور منفرد جاسوسی فلم “ہیپی پٹیل” کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان آج 3 دسمبر کو کیا گیا۔ فلم کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کی ہدایت کاری مشہور کامیڈین ویر داس پہلی بار کر رہے ہیں جبکہ مرکزی کردار بھی وہی ادا کر رہے ہیں۔ ان کے ساتھ اداکارہ مونا سنگھ بھی اہم رول میں موجود ہیں۔
اعلان کا مزاحیہ انداز! عامر خان کا پریشان ہونا سب کو ہنسا گیا
فلم کا اعلان ایک دلچسپ اور مزاحیہ ویڈیو کے ذریعے کیا گیا جس میں عامر خان ویر داس سے مزے مزے کے سوال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو میں عامر پوچھتے ہیں کہ فلم میں کتنی ایکشن ہو گی، کیا رومانس بھی ہے اور کیا اس میں آئٹم گانا بھی شامل ہے؟
ویر داس ہر سوال کا جواب پُر اعتماد انداز میں دیتے ہیں جبکہ عامر بار بار تشویش میں مبتلا نظر آتے ہیں کہ ناظرین اس سب کے بارے میں کیا سوچیں گے۔ دوسری طرف، ویڈیو میں نظر آنے والے لوگ فلم کی تعریفیں کرتے دکھائی دیتے ہیں اور یہی تضاد پوری ویڈیو کو انتہائی مزاحیہ بنا دیتا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم واقعی ایک الگ اور منفرد تجربہ ہونے والی ہے۔
عامر خان پروڈکشن! منفرد سینما کی روایت برقرار
عامر خان پروڈکشن پہلے بھی لگان، تارے زمین پر، دنگل، سیکرٹ سپر اسٹار جیسی کامیاب اور منفرد فلمیں بنا چکا ہے۔ اسی وجہ سے اب ہیپی پٹیل سے بھی شائقین کو ایک نئی اور انوکھی کہانی کی توقع ہے۔
ویرداس اس سے قبل بھی گو گوا گون، بدمعاش کمپنی اور دہلی بیلی میں کام کرچکے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہیپی پٹیل ویر داس اور عامر خان پروڈکشن کا دہلی بیلی کے بعد دوسرا مشترکہ پراجیکٹ ہوگا۔ عامر خان پروڈکشن کی نئی پیشکش ہیپی پٹیل سینما گھروں میں 16 جنوری 2026 کو ریلیز کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








