خلیجی ملک عمان میں پاکستانی نوجوان کی بہادری، سیلابی ریلے میں پھنسے دو افراد کو بچا لیا، دونوں بھارتی شہریوں کو بچانے والا پاکستانی نوجوان راتوں رات ہیرو بن گیا۔
عمان کے علاقے برکاء کے قریب سیلابی صورتحال کے دوران ایک پاکستانی نوجوان نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ شہزاد خان نے طغیانی میں پھنسی ایک گاڑی سے دو بھارتی شہریوں کو بحفاظت نکال کر سب کو حیران کر دیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں پانی خطرناک حد تک بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں کم از کم 10 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کوئی بھی شخص آگے بڑھنے کی ہمت نہیں کر رہا تھا۔
ایسے میں شہزاد خان نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے آدھی ڈوبی گاڑی تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے پتھروں کی مدد سے گاڑی کے شیشے توڑے اور دونوں افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جبکہ مقامی افراد اور صارفین نوجوان کی بہادری، حاضر دماغی اور انسان دوستی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








