اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جیت کے بعد عوامی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلی کی 21 نشستوں پر گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہے، الزامات کی بجائے سیاسی تعاون کی راہ اپنائی جائے۔
قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انتخابی عمل میں خامیوں اور اعتراضات کو باہمی تعاون اور سیاسی مذاکرات سے دور کرنے کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے۔ ضمنی انتخابات میں نومنتخب اراکین کی جیت عوامی اعتماد کا اظہار ہے۔ ن لیگ کو ووٹ دینے والوں کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی بہتری کے آثار واضح ہورہے ہیں، عوامی رائے میں تبدیلی آرہی ہے، مزید معاشی بہتری آنے پر عوامی رائے میں مزید تبدیلی آئے گی۔ عالمی مالیاتی اداروں اور سروے میں معاشی بہتری کی پیش گوئیوں سے بھی عوامی رجحانات پر مثبت اثرات رونما ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی معاشی بحالی، مہنگائی کم کرنے اور خارجہ تعلقات کی بہتری کیلئے حکومتی خدمات کے عوامی سطح پر اعتراف کے مترادف ہے۔ حکومت عوام کو یقین دلاتی ہے کہ ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ دیانتداری سے محنت کریں گے تاکہ عوامی اعتماد پر پورے اتر سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








