معمولی غلطی گلے پڑ سکتی ہے! سعودی عرب کے سفر سے پہلے ممنوعہ اشیاء کی فہرست دیکھ لیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

سعودی عرب جانے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے ایک اہم تنبیہ سامنے آئی ہے۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کے سخت کسٹمز قوانین کے تحت منشیات کی کسی بھی قسم کی ترسیل یا ملک میں لانا مکمل طور پر ممنوع ہے تاہم بعض ایسی اشیاء بھی ہیں جو عام طور پر بے ضرر سمجھی جاتی ہیں لیکن وہاں قانوناً سنگین جرم شمار ہو سکتی ہیں۔

بیورو کے مطابق خشخاش کے بیج سعودی عرب میں نہایت حساس اشیاء میں شامل ہیں اور ان کی درآمد پر مکمل پابندی عائد ہے۔ اسی طرح جائفل اور جائفل پاؤڈر بھی اگر زیادہ مقدار میں ساتھ لے جایا جائے تو نفسیاتی اثرات کے باعث ممنوع یا محدود اشیاء کی فہرست میں آ سکتے ہیں حالانکہ یہ مصالحہ پاکستان اور بھارت میں کھانوں اور میٹھے پکوانوں میں عام استعمال ہوتا ہے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے مزید بتایا کہ سعودی زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے مسافروں کی رہنمائی کے لیے ممنوعہ اشیاء کی ایک باقاعدہ فہرست جاری کر رکھی ہے تاکہ کوئی بھی مسافر لاعلمی میں قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب نہ ہو۔

حکام نے بیرونِ ملک روزگار یا سفر پر جانے والے تمام پاکستانیوں کو ہدایت کی ہے کہ روانگی سے قبل سعودی قوانین سے مکمل آگاہی حاصل کریں اور ممنوعہ اشیاء کی فہرست کا بغور جائزہ لیں کیونکہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی بھاری جرمانے یا قانونی کارروائی کا سبب بن سکتی ہے۔

Related Posts