بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے مسٹر پرفیکشنسٹ کی کمپنی عامر خان پروڈکشنز نے نئی فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ کے دوران لداخ میں کچرا پھیلانے کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لال سنگھ چڈھا کی فلمبندی لداخ میں کیے جانے کے بعد فلم کی کاسٹ اور عملے نے سائٹ چھوڑ دی جس کے بعد بھارت میں یہ الزام سامنے آیا کہ فلم ویینو کو کچرے سے بھرپور کرکے چھوڑا گیا۔
اس حوالے سے عامر خان پروڈکشنز کا کہنا ہے کہ ہماری ایک الگ ٹیم ہے جو یہ بات یقینی بناتی ہے کہ شوٹنگ کے مقام پر کچرا نہ ہو اور جب ہم کوئی لوکیشن چھوڑتے ہیں تو اسے ڈبل چیک کیا جاتا ہے۔
رواں برس مئی کے دوران عامر خان لداخ جا پہنچے اور فلم کی شوٹنگ شروع کی۔ شوٹنگ کی تکمیل پر کچھ ٹوئٹر صارفین نے دعویٰ کیا کہ مسٹر پرفیکشنسٹ کے عملے نے لداخ میں کچرا پھیلا دیا ہے۔
ایسی تمام تر افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے عامر خان پروڈکشنز کی طرف سے یہ بیان سامنے آیا کہ ہم ایک کمپنی کی حیثیت سے شوٹنگ کے مقامات پر صفائی ستھرائی کا نہایت سنجیدگی سے اہتمام کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ہماری ٹیم ہر وقت صفائی ستھرائی کیلئے کوشاں رہتی ہے۔ ہر روز دن کے اختتام پر فلمی وینیو کو مکمل طور پر چیک کیا جاتا ہے۔ جب شوٹنگ ختم ہوجاتی ہے تو ہم جگہ چھوڑتے ہوئے اسے صاف کرتے ہیں۔
عامر خان پروڈکشنز کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ جس حالت میں ہمیں فلم شوٹنگ کیلئے کوئی مقام یا جگہ دی جائے، جب وہ جگہ چھوڑی جائے تو اتنی ہی صاف ستھری یا اس سے بہتر ہو۔
اپنے بیان کے اختتام پر عامر خان پروڈکشنز کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ افواہیں سننے کو ملی ہیں کہ لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ کے دوران صفائی ستھرائی کا خیال نہیں رکھا گیا۔ ایسے تمام تر دعووں کو مسترد کرتے ہیں۔
قبل ازیں 1994ء میں ریلیز کی گئی ہالی ووڈ اداکار ٹام ہینکس کی فلم فاریسٹ گمپ کا ری میک لال سنگھ چڈھا عامر خان کی نئی فلم ہے جس کی کاسٹ میں کرینہ کپور خان مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: سارہ خان نے زندگی کی 29بہاریں دیکھ لیں، فلک شبیر کا یادگار تحفہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








