راولپنڈی میں بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے متعدد مقدمات میں مطلوب ایک ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ امرال کے علاقے میں پیش آیا جہاں فائرنگ کے دوران ایک ملزم مارا گیا اور دو فرار ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت محمد عباس کے نام سے ہوئی اور اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم محمد عباس کئی بچوں کے اغوا اور جنسی زیادتی کے مقدمات میں ملوث تھا اور اس کے خلاف متعدد غیر رپورٹ شدہ واقعات کی بھی اطلاعات تھیں۔ پولیس کی بروقت کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپکٹر محمد اویس کو گولی لگی، لیکن ان کی بلٹ پروف جیکٹ نے ان کی جان بچا لی۔
جوابی فائرنگ میں زخمی ہونے والے ملزم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ مقابلے کے بعد سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچے اور فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کا گھیراؤ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ نہ صرف بچوں کے تحفظ کے لیے پولیس کی جرات اور قربانی کو اجاگر کرتا ہے بلکہ شہریوں کے لیے بھی ایک خبردار کرنے والا پیغام ہے کہ قانون کی گرفت ہر وقت ہر جرم پر ہوتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








