اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو تعلیم کا بھارتی ماڈل اپنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر فعال تعلیمی نظام کی اصلاح کیلئے نریندر مودی کی ایجوکیشن اسکیم اختیار کرنا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی مالی تعاون کی درخواست پر غیر فعال تعلیمی نظام کی اصلاح اور معیاری تربیت کیلئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ایجوکیشن اسکیم اختیار کرنے کی تجویز دی تاکہ اسکول سے باہر رہنے ولاے بچے بھی تعلیم حاصل کرسکیں۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے سفارش کی کہ حکومت کثیر جہتی مشاورتی پالیسی اختیار کرے، بھارتی وزیراعظم کی ہر شہری کیلئے تاحیات سیکھنے کی پالیسی سمیت دنیا کی بہترین تعلیمی پالیسیوں سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایشیائی بینک نے بھارتی وزیراعظم کی اسکیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں پر معیاری تعلیم تک رسائی کے فروغ کیلئے تعاون پر زور دیتی ہے، اور پاکستان اس سے استفادہ کرسکتا ہے جبکہ تعلیم صوبائی شعبہ ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کے موجودہ وزیراعظم نریندر مودی نے 5سالہ اسکیم متعارف کرائی ہے جس کے تحت ہر بھارتی شہری کو خواندہ بنانے کے ساتھ ساتھ اکیسویں صدی کے تقاضوں کے تحت ضروری مہارتیں فراہم کرنا ہے اور متعدد شعبہ جات میں یہ مہارتیں شہریوں کو معاشی طور پر خودمختار کرسکتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








