داخلے، امتحانات اور تعطیلات کی تاریخیں: تعلیمی سال 2026-27 کا شیڈول جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

سرکاری اجلاس
اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس، فوٹو آن لائن

وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ کی زیرِ صدارت اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تعلیمی سال 2026-27 کا باضابطہ شیڈول حتمی شکل دے دیا گیا۔

کمیٹی نے تعلیمی سال کے آغاز، داخلوں کے اوقات، امتحانی شیڈول اور تعطیلات کی منظوری دی۔

بیان کے مطابق تعلیمی سال 2026-27 کا آغاز یکم اپریل 2026 سے ہوگا۔ نویں جماعت تک داخلے یکم مارچ سے 31 مارچ 2026 تک جاری رہیں گے۔

نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 30 مارچ سے 15 اپریل 2026 تک منعقد ہوں گے۔ دسویں جماعت کے نتائج یکم جون جبکہ نویں جماعت کے نتائج 15 جون 2026 کو جاری کیے جائیں گے۔

گیارہویں جماعت میں داخلے سینٹرل ایڈمیشن پالیسی کے تحت یکم جون سے جولائی 2026 کے آخری ہفتے تک مکمل کیے جائیں گے۔ اسی طرح گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 15 اپریل سے 30 اپریل 2026 تک ہوں گے۔ بارہویں جماعت کے نتائج 15 جون جبکہ گیارہویں جماعت کے نتائج یکم جولائی 2026 کو جاری کیے جائیں گے۔

پہلی سے تیسری جماعت تک طلبہ کو بغیر امتحان اگلی جماعت میں ترقی دے دی جائے گی۔ چوتھی سے آٹھویں جماعت تک کے امتحانات یکم مارچ سے 15 مارچ 2026 تک منعقد ہوں گے۔

اجلاس میں یکم جون سے 31 جولائی 2026 تک گرمیوں کی تعطیلات اور 21 دسمبر سے 31 دسمبر 2026 تک سردیوں کی تعطیلات کی منظوری دی گئی۔

سال 2026 کو ماحولیاتی آگاہی کا سال قرار دیتے ہوئے تمام تعلیمی اداروں کو شجرکاری مہم چلانے کی ہدایت کی گئی اور طلبہ و اساتذہ کو کم از کم ایک درخت لگانے کی ترغیب دی گئی۔

Related Posts