امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے چڑیا گھر سے ایمرجنسی سروس 911 پر پراسرار کال موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس اہل کاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ ہفتے کیلیفورنیا میں ایمرجنسی سروس 911 پر ایک کال موصول ہوئی، تاہم یہ کال تھوڑی ہی دیر بعد کٹ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایمرجنسی سروس کو فوری طور پر یہ معلوم نہ ہو سکا کہ کال کس نے کی اور کہاں سے کی، تاہم پولیس نے تحقیقات کے دوران کال ٹریس کرنے کی کوشش کی تو پتا چلا کہ یہ سین لوئس اوبیسپو کاؤنٹی میں ایک چڑیا گھر سے کی گئی ہے۔
پولیس اہل کاروں کو فوری طور پر مذکورہ چڑیا گھر بھیجا گیا تاکہ اگر کوئی ایمرجنسی ہو تو مدد فراہم کی جا سکے، لیکن چڑیا گھر پہنچ کر پولیس کو پتا چلا کہ وہاں نہ تو کوئی ایمرجنسی ہے اور نہ ہی کسی انسان نے کال ملائی ہے، چناںچہ پولیس نے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے انکوائری کا فیصلہ کیا۔
پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ انکوائری کے بعد انھیں احساس ہوا کہ کال چڑیا گھر میں موجود کپوچن نسل کے روٹ نامی بندر نے ملائی ہوگی، چڑیا گھر کا سیل فون گالف گاڑی میں رکھا ہوا تھا، روٹ بندر نے اسے اٹھا کر ایمرجنسی نمبر ملایا۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








