چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے بزور بازو ہیوی ٹریفک روکنے کی دھمکی دے دی۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ جنوری سے اب تک 200 سے زائد شہری ہیوی ٹریفک سے جاں بحق ہوئے ہیں۔
چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے کہا کہ ایک بار پھر اپیل کی کہ لوگوں سے درخواست کی ہے کہ 12 اپریل کو لوگ سفید پرچم لے کر گھروں سے نکلیں، مہاجروں کی طرح دیگر قوموں کے ساتھ بھی زیادتی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوری سے اب تک 262 لوگ ٹریفک حادثات میں جان سے جاچکے ہیں گزشتہ سال ساڑھے 7 سو لوگ جاں بحق ہوئے، حادثات پر حادثات ہورہے ہیں حکومت نے سرد مہری کا مظاہرہ کیا، جو لوگ جاں بحق ہوئے ان کی تکالیف زیادہ ہیں مجھے بھی گرفتار کیا گیا لیکن ہماری تکلیف کچھ نہیں ہے۔
آفاق احمد نے شہریوں سے درخواست کی کہ اگر حکومت ہیوی ٹریفک کو روک نہیں رہے تو ہیوی ٹریفک کو ہمیں روکنا ہوگا، میری درخواست کو دہشت گردی کہا گیا اور مقدمہ درج کیا گیا، جو لوگ جاں بحق ہوئے انکی تکالیف کے مقابلے میں میری تکلیف کچھ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی سی سی ٹی وی دیکھیں تو دل خون کے آنسو روتا ہے، حکومت کی کبھی اسٹریٹ کرائم روکنے میں دلچسپی نظر نہیں آئی۔
چئیر مین مہاجر قومی موومنٹ نے مزید کہا کہ ایجنسیوں کو مطلوب افراد کو زمین کھود کر ڈھونڈ لیا جاتا ہے لیکن اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کو کوئی نہیں پکڑتا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بدعنوان ترین حکومت ثابت ہوئی ہے، پنجاب کے وسائل کا رونا رونے والے اپنے پیسوں کا صحیح استعمال کرلیں۔
آفاق احمد نے کہا کہ لاہور مین آٹھ ہزار کیمرے لگے ہیں، یہاں ٹریفک پولیس کا ہر ملازم زیادہ سے زیادہ چالان کرنے کی کوشش کرتا ہے، لاہور میں ای چالان کے ذریعے چالان کیا جاتا ہے، وہ اس شہر کو ادھیڑ کر اپنی جیب بھرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس شہر کی مجرم پیپلز پارٹی ہے، شہر کے وسائل کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں، جان بوجھ کر منصوبوں میں تاخیر سے لاگت کئی گنا بڑھائی جاتی ہے۔
چئیر مین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے کہا کہ پر امن احتجاج کو پیغام سمجھا جائے، حکومت اور سلامتی کے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ بدعنوان حکومت سے جان چھڑوائیں، ہم ضلع وسطی میں دفتر بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چھ اپریل کو سمن آباد میں دفتر کا افتتاح کر رہے ہیں، واٹر ہائیڈرنٹس کے لئے اوقات کار مقرر ہیں لیکن چوبیس گھنٹے چلتے ہیں، واٹر کارپوریشن کی ملی بھگت سے بورنگ کے ساتھ پانی کی لائنوں سے پانی چوری کیا جارہا ہے۔
آفاق احمد نے کہا کہ جماعت اسلامی، ایم کیو ایم، مرکزی مسلم لیگ سمیت دیگر جماعتوں نے شہر کے مسائل پر آواز اٹھائی ہے، شہر کے مسائل کوئی ایک جماعت حل نہیں کرسکتی ہے۔ اپنی جدوجہد میں مہاجر قومی موومنٹ کے پرچم کے بجائے سفید پرچم لہرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے مسائل کوئی لسانی مسئلہ نہیں ہیں ، تمام جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ مسائل کو سیاسی معاملہ سمجھنے کے بجائے انسانی مسئلہ سمجھیں، بارہ اپریل کو اس شہر کی آواز کو مزید تقویت پہنچائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








