خونی ہیوی ٹریفک نے کراچی کے ایک اور شہری کی جان لے لی۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق یہ خونی حادثہ کراچی کے علاقے پورٹ قاسم ٹویوٹا چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں ایک خونی ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچائی۔
ایس ایچ او بن قاسم امین کھوسہ نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 23 سالہ محرم ولد صالح محمد کے نام سے کی گئی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ حادثہ این ایل سی ٹریلر کی ٹکر سے پیش آیا تھا۔ تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹریلر اپنے قبضے میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق متوفی کے قبضے سے مقامی کمپنی کا کارڈ ملا ہے جس پر اس کا عہدہ ہیلپر لکھا ہے تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
کتنی ہلاکتیں ہوچکیں؟
ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوری 2025 سے اپریل 2025 تک، کراچی میں ہیوی ٹریفک حادثات میں 90 سے زائد افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ان حادثات میں 9 خواتین اور 11 بچے بھی شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








