افغانستان میں ہولناک زلزلے سے اموات کی تعداد 1124 ہوگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

Afghan earthquake death toll rises to 1,124
Image: thestar.com

افغانستان میں ہولناک زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 1124 ہو گئی ہے،افغان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے مطابق اس سانحے میں اب تک 3251 افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ آٹھ ہزار سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔

افغان وزارت صحت کے ترجمان شرف الدین زمان نے بتایا کہ صرف چند کلینکس سے موصولہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک 400 سے زائد زخمی اور درجنوں ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں تاہم خدشہ ہے کہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔

صوبہ کنڑ کے تین دیہات مکمل طور پر صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں جبکہ دیگر کئی علاقوں میں بھی شدید تباہی ہوئی ہے۔

زلزلہ آدھی رات کے وقت آیا اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جس کے باعث پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا سے ملحقہ سرحدی علاقے میں مٹی اور پتھروں سے بنے گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔

امدادی ٹیمیں تاحال ملبے تلے دبے زندہ افراد کو نکالنے کے لیے سرگرم ہیں۔ تاہم افغان وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق اب تک کسی بھی غیر ملکی حکومت کی جانب سے ریسکیو یا امدادی کاموں کے لیے کوئی مدد فراہم نہیں کی گئی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ افغانستان زلزلوں کے حوالے سے نہایت حساس خطہ ہے، خصوصاً ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں جہاں بھارتی اور یوریشیائی ٹیکٹونک پلیٹس آپس میں ملتی ہیں۔

گزشتہ سال افغانستان کے مغربی علاقوں میں آنے والے سلسلہ وار زلزلوں میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے، جس نے اس غریب ملک کی قدرتی آفات کے سامنے کمزوری کو ایک بار پھر نمایاں کیا۔

Related Posts