پاکستان اور افغانستان کے درمیان سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا چوتھا میچ آج شارجہ میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی ٹیم کا سیریز کا تیسرا میچ ہوگا۔ یہ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع ہوگا۔
پاکستان اب تک سہ ملکی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر چکا ہے اور مسلسل دو فتوحات اپنے نام کر چکا ہے۔
قومی ٹیم نے پہلے افغانستان اور پھر متحدہ عرب امارات کو شکست دی جس سے ٹیم کا حوصلہ بلند ہے۔ یہ سیریز آئندہ ایشیا کپ کے لیے تیاریوں کا حصہ ہے، جو متحدہ عرب امارات میں ہی منعقد ہوگا۔
پاکستانی بیٹنگ لائن نے شارجہ کی پچوں پر شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور ابتدائی دونوں میچوں میں بالترتیب 182 اور 207 رنز اسکور کیے۔
گزشتہ جمعہ افغانستان کے خلاف میچ میں کپتان سلمان آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی جس میں افغان کپتان راشد خان کے اوور میں لگاتار دو چھکے بھی شامل تھے۔ اس اننگز کی بدولت پاکستان نے 39 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں اور افغان بیٹرز کو دباؤ میں رکھا۔
افغانستان نے ایک موقع پر 92 رنز پر دو کھلاڑی آؤٹ کے بعد بہتر پوزیشن بنائی لیکن اگلے چند اوورز میں پانچ وکٹیں صرف چار رنز کے اضافے پر کھو دیں اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 143 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان نے سب سے زیادہ 39 رنز اسکور کیے جبکہ رحمان اللہ گرباز نے 38 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 21 رنز کے عوض دو وکٹیں، محمد نواز نے 23 رنز کے عوض دو وکٹیں جبکہ صوفیان مقیم نے بھی 25 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کا اگلا میچ چار ستمبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ہوگا جبکہ پانچ ستمبر کو افغانستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
سات ستمبر کو سہ ملکی سیریز کا فائنل کھیلا جائے گاجس کے بعد نو سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ ٹورنامنٹ منعقد ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








