ٹی 20 ایشیا کپ 2025ء کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو شکست دے دی، اس سے قبل بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے ہانگ کانگ کو جیت کےلیے 189 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ابوظبی میں ہونے والے ایونٹ کے پہلے مقابلے میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صدیق اللّٰہ اتل اور عظمت اللّٰہ عمر زئی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 188 رنز بنائے، جواب میں ہانگ کانگ کی پوری ٹیم نصف رنز بنا کر 94 کے مجموعی اسکور پر آل آؤٹ ہوگئی۔
اس سے قبل افغانستان کے اوپننگ بیٹر صدیق اللّٰہ اتل نے 73 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی، انہوں نے اس دوران 3 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔
رحمان گر باز 8، گلبدین نائب 5، کریم جنت 2، ابراہیم زدران 1 اور محمد نبی نے 33 رنز بنائے۔
عظمت اللّٰہ عمر زئی نے 21 گیندوں پر 53 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، جبکہ کپتان راشد خان 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ہانگ کانگ کی جانب سے کنچت شاپ اور آیوش شکلا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ احسان خان اور عتیق اقبال نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ایونٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، افغانستان، بنگلادیش، یو اے ای، عمان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شریک ہیں، جو 28 ستمبر تک جاری رہے گا۔ سب سے بڑا میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








