ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے 11 ویں میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر سپر فور مرحلے تک رسائی حاصل کرلی ہے جبکہ گروپ بی سے بنگلہ دیش بھی سپر فور مرحلے میں پہنچ گئی تاہم افغانستان سیریز سے باہر ہوگیا ہے۔
سری لنکا نے افغانستان کا 170 رنز کا ہدف با آسانی 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کوشل مینڈس 74 اور کمندو مینڈس 26 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ کوشل پریرا 28 اور اسالنکا نے 17 رنز بنائے۔
ایشیا کپ میں گروپ بی کا یہ اہم میچ ابو ظبی میں کھیلاگیا جہاں افغانستان کے کپتان راشد خان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی ٹیم نے محمد نبی کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو 170 رنز کا ہدف دیا تھا۔
افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز اسکو رکیے۔ محمد نبی 22 گیندوں پر 60 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
اس کے علاوہ ابراہیم زادران اور راشد خان 24،24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ صدیق اللہ نے 18 اور رحمان اللہ گرباز نے 14 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے نوان تھوشارا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








