معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے کہا ہے کہ طلاق کے بعد مرد ہو یا عورت دونوں کو ہی بہت زیادہ طعنے کو سننے کو ملتے ہیں۔
حال ہی میں فیصل قریشی نے ایف ایچ ایم پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں پر اُنہوں نے اپنی پہلی ناکام شادی سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ فیصل قریشی نے اپنی پہلی شادی کے حوالے سے کہا کہ میں نے 18 سال کی عمر میں محبت کی شادی کی تھی جو کامیاب نہ ہوسکی اور طلاق پر ختم ہوگئی۔
اداکار نے کہا کہ کم عُمری میں محبت کی شادی کرنے کا فیصلہ بچکانہ تھا اور مجھے لگتا ہے کہ ہم اسی کے اُتار چڑھاوْ کے ذریعے اپنی زندگی میں بہت کچھ سیکھتے ہیں۔
فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد مرد ہو یا عورت، دونوں کو ہی لوگ بہت زیادہ طعنے دیتے ہیں، ہمارے معاشرے میں طلاق اور دوسری شادی کو بہت ہی بُرا سمجھا جاتا ہے۔
ماہرہ خان کی دوسری شادی پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے فیصل قریشی نے کہا کہ ہمارے یہاں اس قدر جہالت ہے کہ اگر کوئی اپنی نئی زندگی شروع کرتا ہے تو اُسے بھی طعنے دیے جاتے ہیں۔ ماہرہ خان نے اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا تو لوگوں نے اُنہیں دوسری شادی کے طعنے دینا شروع کردیے، یہاں لوگ ہر ایک پر تنقید کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ فیصل قریشی نے پہلی شادی 18 سال کی عمر میں کی تھی جو کہ طلاق پر ختم ہوگئی تھی، پہلی اہلیہ سے اُن کی ایک بیٹی ہے۔
بعدازاں انہوں نے 2010 میں ثنا کے ساتھ دوسری شادی کی، جس سے اُن کے دو بچے ایک بیٹی آیت اور بیٹا فرمان قریشی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








