بند کرو اِسے، احسن اقبال سے لائیوپروگرام کی ریکارڈنگ زبردستی بندکروانے کی ویڈیو وائرل

تازہ ترین

تازہ ترین

احسن اقبال
(فوٹو: آن لائن)

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے لائیو پروگرام کے دوران ریکارڈنگ زبردستی بند کروانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسے سیاسی رنگ نہیں دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق حال ہی مین نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ایک نامعلوم شخص نے آ کر چیخ کر یہ کہا کہ بند کرو اِسے، جس کے فوراً بعد احسن اقبال کی ویڈیو منقطع ہوگئی اور پروگرام میں ان کی شرکت بھی رک گئی۔

پروگرام کے میزبان وسیم بادامی نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خیال ظاہر کیا کہ احسن اقبال گھر سے ہی پروگرام کر رہے تھے۔ میں امید کرتا ہوں کہ ان کے حالات اچھے ہوں۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی تشویش کا اظہار کیا۔

وائرل ویڈیو پر مختلف تبصرے کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے سوال کیا کہ وہ شخص کون تھا جس نے احسن اقبال کو لائیو پروگرام کیلئے ریکارڈنگ بند کرنےپر مجبور کردیا؟ اس حوالے سے معروف صحافی اجمل جامی نے بھی احسن اقبال سے رابطہ کرنے کی تصدیق کی۔

ایک رپورٹ کے مطابق اجمل جامی کا کہنا ہے کہ احسن اقبال کے اسلام آباد میں واقع گھر پر خاندانی تقریب کے دوران بچے اچانک ان کے مطالعہ خانے میں داخل ہوگئے، اور پھر اس صورتحال نے جنم لیا۔ بعد ازاں احسن ابقال نے کہا کہ تشویش کرنے والے تمام افراد کے پیغامات کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ لائیو نشریات کے دوران خلل اس وقت پڑا جب قریب موجود ایک شخص یہ نہیں جانتا تھا کہ میں لائیو ہوں اور وہاں کسی بات پر بحث ہورہی تھی۔ میں کچھ ہی دیر بعد انٹرویو میں شامل ہوگیا اور امید ہے کہ اس معاملے کو بلاوجہ سیاسی رنگ نہیں دیا جائے گا۔

اس کے باوجود احسن اقبال کی گزشتہ روز کی ویڈیو پر مختلف تبصروں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ عوام کی بڑی تعداد احسن اقبال کی وضاحت پر بھی مختلف سوالات کر رہی ہے۔ ایک سوشل میڈیا صارف کا ماننا ہے کہ شو کے دوران احسن اقبال کے بیٹے احمد اقبال نے ان سے فون چھینا، تاہم احسن اقبال سے اس امر کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

Related Posts