لیجنڈ لیگ میں شاہد آفریدی کی اجے دیوگن سے ملاقات کی ویڈیو وائرل

تازہ ترین

تازہ ترین

شاہد آفریدی
(فوٹو: آن لائن)

انگلینڈ میں جاری لیجنڈ لیگز کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن سے ملاقات کی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں چیمپیئنز آف لیجنڈز ٹورنامنٹ کے دوران پاک بھارت میچ کے موقعے پر بھارتی اداکار اجے دیوگن اور شاہد آفریدی کی ملاقات ہوئی۔ کرکٹ اسٹار اور بالی ووڈ اسٹار نے خوشگوار ماحول میں بات چیت اور مصافحہ کیا۔

گزشتہ روز پاکستان چیمپیئنز نے بھارت چیمپیئنز کو 68رنز سے شکست دے دی تھی جس کیلئے پاکستان نے 244رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9وکٹس کے نقصان پر صرف 175رنز بنا سکی۔

ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی سمیٹنے والی پاکستان چیمپیئنز کی ٹیم نے بھارت کو 68رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔ لیجنڈز لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔

پاکستانی بیٹرز میں سے کامران اکمل نے 40 گیندوں پر 77 رنز بنائے۔ شرجیل خان بھی 30 گیندوں پر 72رنز کی اننگز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ بھارت کے آر پی سنگھ اور پون نیگی نے ایک ایک پاکستانی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم کے سریش رائنا نے 40گیندوں پر 52رنز بنائے۔ پاکستان کے لیجنڈری بولرز وہاب ریاض اور شعیب ملک نے 3،3 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

Related Posts