ویڈیو: نئے ہجری سال کی آمد، مکہ مکرمہ میں غلافِ کعبہ تبدیل کردیا گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

غلافِ کعبہ تبدیل
(فوٹو: دی نیوز ٹوڈے)

نئے ہجری سال کی آمد کے ساتھ ہی سعودی عرب کے مقدس ترین شہر مکہ مکرمہ میں غلافِ کعبہ تبدیل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الحرمین الشریفین کے امور کی جنرل اتھارٹی نے نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی غلافِ کعبہ بدل دیا۔ ایس پی اے کا کہنا ہے کہ یکم محرم الحرام 1446 ہجری کو غلافِ کعبہ تبدیل کیا گیا ہے اور یہ شاندار تقریب شب بھر جاری رہی۔

واضح رہے کہ ہر نئے ہجری سال کی آمد پر غلافِ کعبہ کو تبدیل کیا جاتا ہے۔ خانہ کعبہ کے پرانے غلاف کو اتار کر نیا غلاف چڑھا دیا گیا ہے جس کیلئے 159 افراد پر محیط تکنیکی ماہرین اور کاریگر موجود تھے۔ غلافِ کعبہ 4برابر پٹیوں اور ستار الباب پر مشتمل ہے۔

غلاف تبدیلی کے تمام عمل کے دوران غلاف کے ہر حصے کو الگ الگ کعبۃ اللہ کے بالائی حصے پر لایا جاتا ہے، پھر انہیں اتارا جاتا ہے اور سابقہ غلاف اتار لیا جاتا ہے۔ اس عمل کو ایک ایک کرکے چار بار دہرایا جاتا ہے جب تک کہ نیا غلاف چڑھ نہ جائے اور پرانا اتر نہ جائے۔

بعد ازاں غلافِ کعبہ کے کپڑے کی 5 مختلف حصوں میں سلائی کی جاتی ہے اور زیریں حصے کو سونے کا پانی چڑھے تانبے کے 60کڑوں کے ذریعے جوڑ دیا جاتا ہے۔ موجودہ غلافِ کعبہ کا وزن 1 ہزار 350 کلوگرام ہے جو 98سینٹی میٹر چوڑا اور 14میٹر بلند  ہے۔

جنرل اتھارٹی الحرمین الشریفین کا کہنا ہے کہ شاہ عبدالعزیز کمپلیکس میں غلافِ کعبہ کی تیاری کیلئے 670 کلوگرام کے لگ بھگ ریشم کو سیاہ رنگ میں رنگ لیا جاتا ہے۔ غلافِ کعبہ سونے اور چاندی کے دھاگوں سے بُنی گئی قرآنی آیات سے سجا دیا جاتا ہے۔

سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ غلافِ کعبہ کیلئے 120 کلوگرام سونا اور 100  کلوگرام چاندی استعمال کی جاتی ہے۔ اس سے قبل غلافِ کعبہ (کِسوہ) کو ہر سال 9 ذوالحجہ کی صبح میدانِ عرفات کی جانب روانگی کے وقت بدلا جاتا تھا، لیکن اب یہی تقریب یکم محرم کو ہوتی ہے۔

Related Posts