پاپا بڑے قرضے میں ہیں۔اکشے کمار نے خاتون کی درخواست سن کر کیا کیا؟ ویڈیو وائرل

تازہ ترین

تازہ ترین

اکشے کمار
(فوٹو: آن لائن)

بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے ایک خاتون کی مالی مدد کا عندیہ دیا ہے جس نے کھلاڑی اسٹار کو اپنی مالی پریشانی یہ کہتے ہوئے بتائی کہ پاپا بڑے قرضے میں ہیں۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار، ٹوئنکل کھنہ، ہیما مالنی اور سنیل شیٹی سمیت دیگر فنکار جمعرات کی صبح ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشن پہنچے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن سے باہر نکلتے وقت اداکار اکشے کمار کو ایک خاتون مداح نے مالی مدد کے لیے روکا۔ خاتون نے اداکار سے چند لمحے کیلئے بات سننے کی درخواست کی اور بتایا کہ اس کے والد شدید قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ اکشے کمار نے مہربانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون کی بات سنی اور اپنی ٹیم کو اس سے رابطہ نمبر لینے کی ہدایت کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اکشے کمار گاڑی کی جانب جا رہے تھے کہ اسی دوران خاتون مداح نے مالی مدد کی اپیل کی۔ خاتون نے ہاتھ میں ایک سفید کاغذ پکڑتے ہوئے کہا، “پاپا بہت بڑے قرضے میں ہیں، پلیز ان کو اس سے نکال دیں۔” اداکار نے خاتون کی درخواست پر مثبت ردعمل دیا اور اسے اپنی ٹیم کے پاس بھیج دیا۔

یہی نہیں، بلکہ جب بھارتی تہذیب و ثقافت کے ایک اہم عنصر کا اظہار کرتے ہوئے خاتون نے ان کے پاؤں چھونے کی کوشش کی تو اکشے کمار نے اسے خاتون کی عزت و احترام کے خلاف سمجھتے ہوئے خود جھک کر انہیں ایسا کرنے سے روک دیا اور پھر اپنی گاڑی میں بیٹھ گئے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by SCREEN (@ieentertainment)

اکشے کمار کے اس حسنِ سلوک پر مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کی خوب تعریف کی اور کمنٹس میں مثبت ردعمل دیا۔ ایک صارف نے لکھا، “کتنے منکسر المزاج ہیں۔” ایک اور نے تبصرہ کیا، “اکشے سر سپر سپر سپر۔” ایک صارف کا کہنا تھا، “یہ لوگ عوام کی وجہ سے ہی سیلیبریٹی ہیں، اب واپس دینے کا وقت ہے اور انہیں دینے والا ہونا چاہیے۔”

اکشے کمار نے ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے بھی گفتگو کی اور ممبئی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے “ریموٹ کنٹرول” یعنی ووٹ کا درست استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا، “آج وہ دن ہے جب ریموٹ کنٹرول ہمارے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ میں تمام ممبئی والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ووٹ دیں۔ اب ہماری باری ہے کہ ہم باہر نکلیں اور صحیح شخص کا انتخاب کریں۔ اگر آپ ممبئی کے حقیقی ہیرو بننا چاہتے ہیں تو ڈائیلاگ بولنے کے بجائے ووٹ ڈالنے آئیں۔”

واضح رہے کہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے 29 بلدیاتی اداروں میں پولنگ کا آغاز ہوچکا ہے ، جن میں بی ایم سی کے انتخابات بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر سچن ٹنڈولکر، جان ابراہم، تمنا بھاٹیہ، نانا پاٹیکر اور گلزار سمیت کئی دیگر مشہور شخصیات نے بھی اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

Related Posts