پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور 7 گھنٹے کی غیر حاضری کے بعد بحفاظت وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی عدم موجودگی پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو تشویش تھی۔علی امین گنڈا پور کی واپسی کی تصدیق پی ٹی آئی کے ایم این اے شاہد خٹک نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کی۔ انہوں نے نے بتایا کہ علی امین گنڈا پور بحفاظت واپس آگئے ہیں۔
ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ علی امین گنڈا پور کا موبائل فون ایکٹیویٹ ہوگیا ہے اور انہوں نے اپنی سیکورٹی ٹیم کو طلب کرلیا ہے۔علی امین گنڈا پور کے بھائی فیصل امین نے بھی ان کی بحفاظت آمد کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو قومی اسمبلی کے باہر سے گرفتار کر لیا تھا۔
پی ٹی آئی کے ایم این اے شیر افضل اور پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کو دارالحکومت سے گرفتار کرنے کے فوراً بعد پولیس نے بیرسٹر گوہر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے خلاف وفاقی دارالحکومت کے سنگجانی تھانے میں عوامی اجتماع قانون کی خلاف ورزی اور ریاست مخالف تقاریر پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف سنگجانی تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ اس کیس میں ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر کو غیر قانونی طور پر قید کرنے کے الزامات شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








