ریاض: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے سعودی عرب میں سب سے بڑے کنسرٹ کا اعزاز حاصل کیا ہے جس میں 1 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں جاری ریاض سیزن کے دوران گلوکار علی ظفر نے سعودی عرب کی وزارتِ اطلاعات و ثقافت کی درخواست پر ایک روز قبل السویدی پارک میں پرفارم کیا جسے بہت پسند کیا گیا۔
رہورٹ کے مطابق اے پی پی کا کہنا ہے کہ کنسرٹ میں 1 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے جو علی ظفر کے گیتوں اور پرفارمنس سے بہت لطف اٹھاتے نظر آئے، علی ظفر نے ریاض سیزن میں سب سے بڑا اور تاریخی کنسرٹ کرنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اداکاروگلوکار علی ظفر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں ملنے والی محبت اور پیار کا شکر گزار ہوں اور مجھے اپنے کنسرٹ میں عوامی ردِ عمل دیکھ کر بہت زیادہ خوشی ہوئی ہے۔
گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ عالمی رواداری میلے میں 1 لاکھ 30 ہزار افراد کیلئے پرفارم کرنا میرے لیے بہت زبردست رہا۔ ریاض میں سب سے بڑے دیسی کراؤڈ کے ساتھ ہر لمحہ خوشی کے ساتھ گزارا جس نے میرے جسم میں بجلیاں بھر دیں۔
علی ظفر نے کہا کہ وزارتِ میڈیا سعودی عرب کا شکر گزار ہوں کہ ہمیں بطور مہمان بلایا اور مہمان نوازی کی۔ پاکستانی سفارت خانے، اپنے بینڈ اور تکنیکی عملے کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میرا دل شکر گزاری سے لبریز ہے اور میں واپس آنا چاہتا ہوں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








