عالمی فلم میلے ریڈ سی میں شرکت کے دوران عالیہ بھٹ نے اپنی ذاتی اورپیشہ ورانہ زندگی سے منسلک موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ ایک مداح کے اس سوال کاجواب دیتے ہوئے کہ کیا آپ پاکستان آئیں گی؟ عالیہ بھٹ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہوجانے والا جواب دے دیا۔اس کے علاوہ بھی ریڈ سی فیسٹیول سے اداکارہ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ عالیہ بھٹ دوسری بار ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شریک ہوئی ہیں۔ تقریب کے دوران اداکارہ نے کہا کہ میری بیٹی راہا اتنی بڑی ہوگئی ہے کہ اپنی ماں سے سوال کرتی ہے۔ انہوں نے ایک سیشن کے دوران مداحوں کو مختلف سوالات کے دلچسپ جوابات دئیے۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ سچائی اور ایمانداری آج میری اوؔلین ترجیحات ہیں۔ شائقین ہمیشہ حقیقی چیز سے ؟خود کو منسلک کرتے ہیں چاہے ان کے ردِ عمل مختلف ہی کیوں نہ ہوں۔ اسی دوران ایک پاکستانی مداح نے پوچھا کہ کیا آپ کبھی پاکستان بھی آئیں گی؟
اداکارہ عالیہ بھٹ نے کہا کہ میں ہر اس جگہ جاؤں گی جہاں میرا کام مجھے لے جائے گا۔ اس مختصر جواب کو سوشل میڈیا صارفین نے بھرپور توجہ دی اور اب یہ تیزی سے وائرل ہوگیا ہے۔ پاکستانی سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ عالیہ نے کتنی خوبصورتی سے ایک مشکل سوال کا جواب دیا ہے۔
عالیہ بھٹ نے اپنی بیٹی راہا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ راہا اتنی بڑی ہے کہ اب مجھ سے پوچھ سکتی ہے کہ میں کہاں جارہی ہوں، کب واپس آؤں گی۔ ماں بننے کے بعد میری ترجیحات بدل گئی ہیں اور سچائی میری زندگی میں سب سے اہم ہے۔ عالمی پروگرامز کی ہلچل ختم ہونے کے بعد میں اکثر پیزا کھاتی ہوئی نظر آؤں گی۔
اس سے قبل ریڈ سی فلم فیسٹیول میں اداکارہ کو فلمی دنیا میں ان کی خدمات کے اعتراف میں گولڈن گلوب ہوریزن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ ریڈ سی کا عالمی فلم میلہ 4دسمبر کو شروع ہوا تھا جو 13دسمبر تک جاری رہے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








