کراچی: گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب عمارت میں دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی کام کے دوران ایک ایمبولینس میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔
جائے وقوعہ پر ایمبولینس میں لگنے والی آگ نے ایک موٹرسائیکل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جبکہ آگ کی وجہ سے قریبی عمارتوں کے مکینوں کو سانس لینے میں شدید تکلیف کا سامنا ہے۔
اس سے قبل گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب بلند و بالا عمارت میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق، 20 زخمی ہو گئے جبکہ دھماکے کی آواز علاقے میں دور دور تک سنی گئی۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔ دھماکے کی وجوہات کے متعلق قبل از وقت کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
زوردار دھماکے کے باعث قریب موجود گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، عمارت کے ملبے تلے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں دبی ہوئی ہیں جنہیں نکالا جائے گا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال منتقل کیے گئے زخمی افراد میں سے 11 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دھماکے کے نتیجے میں عمارت کا نچلا حصہ منہدم ہوا اور قریبی عمارت کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔