کراچی :وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی مسکن چورنگی پر سانحہ کے مقام پر پہنچ کرجائے وقوعہ پر جاری امدادی کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے فوری طور پر ریلیف کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح پھنسے لوگوں کو ریسکیو کرنا اور جو زخمی ہیں ان کو فوری امداد فراہم کرنا ہے،کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھماکہ کے اسباب اور دیگر کے حوالے سے ابھی معلومات لی جارہی ہیں،ابتدائی طور پر 19 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے،تمام پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ متاثرین اور جو یہاں سے بے گھر ہوئے ہیں ان کو حکومت ریلیف فراہم کررہی ہے،یہ عمارت اب رہائش کے قابل نہیں رہی ہے اس لئے اس کو توڑا جائے گا۔