دہلی: بھارتی حکومت کی انتقامی کارروائیوں سے تنگ آکر ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے کام بند کردیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ بھارت میں مسلسل ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کا اقدام ادارے کو مفلوج کرنے کے مترادف ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ بھارت میں تنظیم کو شدید مشکلات درپیش ہیں اور عملے کو پریشان کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ہم نے اپنے تحقیقی کام روک دیئے ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا پر پچھلے دو سالوں سے جاری کریک ڈاؤن اور بینک اکاؤنٹس کو مکمل طور پر منجمد کرنا حادثاتی نہیں ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سمیت سرکاری اداروں کی طرف سے مسلسل ہراساں کرنا ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے حال ہی میں دہلی کے فسادات اور جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے سلسلے میں دہلی پولیس اور بھارتی حکومت کے اقدامات کیخلاف آواز اٹھائی تھی جس کے بعد عالمی تنظیم کے خلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہیں۔