سیاست کا اہم باب بند! سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم خالدہ ضیاء جہان فانی سے کوچ کر گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم خالدہ ضیاء 80 سال کی عمر میں جہاں فانی سے کوچ کر گئی۔ ان کی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے منگل کو ایک بیان میں اس کی تصدیق کی۔

بی این پی کے بیان کے مطابق بی این پی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم، قومی رہنما بیگم خالدہ ضیاء آج صبح 6 بجے فجر کی نماز کے فوراً بعد انتقال کر گئیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم ان کی روح کی مغفرت کے لیے دعا کرتے ہیں اور سب سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ان کی مغفرت کے لیے دعائیں کریں۔

خالدہ ضیاء اور ان کی حریف شیخ حسینہ واجد کے درمیان شدید سیاسی رقابت نے کئی دہائیوں تک بنگلہ دیش کی سیاست کو متاثر کیا۔خالدہ ضیاءنے 1991 اور 2001 میں دو بار وزیراعظم کے عہدے پر خدمات انجام دیں۔

وہ سابق صدر ضیاء الرحمان کی بیوہ تھیں جنہیں 1981ء میں ایک بغاوت کے دوران قتل کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد خالدہ ضیاء نے فوجی آمر کے خلاف عوامی تحریک کی قیادت کی جو بالآخر 1990 میں کامیاب ہوئی۔

حال ہی میں ان کی صحت خراب ہو رہی تھی۔ نومبر کے آخر میں انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مختلف امراض کی وجہ سے ان کی حالت مزید بگڑ گئی۔ عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے ان کے آخری دنوں میں قوم سے ان کی صحت یابی کیلئے دعاؤں کی اپیل کی تھی اور انہیں قوم کے لیے انتہائی ضروری قرار دیا تھا۔

خالدہ ضیاء پر کرپشن کے الزامات لگے تھے جنہیں وہ سیاسی الزامات قرار دیتی رہیں۔ جنوری 2025 میں سپریم کورٹ نے ان کے آخری کرپشن کیس میں بری کردیاتھا جس سے انہیں فروری 2026ء کے انتخابات میں حصہ لینے کا موقع مل سکتا تھا۔ نومبر میں انہوں نے صحت کی خرابی کے باوجود انتخابی مہم چلانے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ انکی جماعت بی این پی ان انتخابات میں مضبوط امیدوار سمجھی جا رہی تھی۔

Related Posts